• news

شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے کے خلاف درخواست، الیکشن کمشن کا دائرہ اختیار چیلنج  


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن میں چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے اور ق لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف کیس کی سما عت ہوئی، چوہدری پرویزالہی کے وکیل نے الیکشن کمشن کا دائرہ اختیارچیلنج کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمشن نے چوہدری شجاعت کو پارٹی صدارت سے ہٹانے اور ق لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔ پرویز الہیٰ کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمشن کا کیس سننے کا اختیار ہی نہیں ہے، الیکشن کمشن کا آرڈر عدالت میں چیلنج کیا ہوا ہے۔ کیس سننے سے پہلے الیکشن کمشن کا دائرہ اختیار دیکھ لیا جائے۔ ممبر الیکشن کمشن نے کہا کہ بغیر درخواست دئیے آپ کسی بھی بات پر دلائل دینا چاہتے ہیں ایسے تونہیں ہوتا۔ وکیل نے الیکشن کمشن کے دائرہ اختیارکو چیلنج کرنے کی درخواست جمع کرا دی۔ چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ پہلے الیکشن کمشن کے دائرہ اختیار کے خلاف درخواست پر سماعت ہو گی۔ الیکشن کمشن نے درخواست کی کاپی دوسرے فریق کو دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت  کل 18 اگست تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن