• news

جنرل با جوہ 6دوست مما لک کے اعزارات پانے والے پہلے پاکستانی آرمی چیف 


اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان آرمی کے پہلے ایسے سربراہ ہیں جن کو چھ مختلف دوست ممالک کی جانب سے بہترین خدمات پر اعلی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ تین ماہ بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے چھ سالہ دور میں پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے علاوہ ملکی معیشت کے استحکام کے لئے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر برق رفتاری سے کام مکمل کروایا۔ اس کے علاوہ گوادر بندرگاہ کو آپریشنل بنانے میں بھی سربراہ پاک فوج کا اہم کردار ہے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں ملکی تاریخ کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل میں بھی پاک فوج اور جنرل قمر جاوید باجوہ کا انتہائی اہم کردار رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات  (یو اے ای) کے دورے کے دوران آرمی چیف کو متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ’’آرڈر آف یونین‘‘ میڈل سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو یہ اعزاز دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ اس سے قبل 26 جون 2022 ء کو سعودی ولی عہد اور نائب وزیر اعظم محمد بن سلمان نے پاکستانی فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کو ’’کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنٹ کلاس‘‘ سے نوازا تھا۔ جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو9 جنوری 2021 کو بحرین کے ولی عہد نے ’’بحرین آرڈر (فرسٹ کلاس) ایوارڈ‘‘ کا اعزاز عطا کیا گیا۔ اس کے علاوہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو5 اکتوبر 2019  کو اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے بھی ’’آرڈر آف ملٹری میرٹ‘‘ سے نوازا تھا۔ اسی طرح پاکستان کا دورہ کرنے والے روسی سفیر نے آرمی چیف کو 27دسمبر 2018 ء کو ’’کامن ویلتھ ان ریسکیو اینڈ لیٹر آف کمنڈیشن آف رشین مانٹیئرنگ فیڈریشن‘‘ کا اعزاز دیا۔ قبل ازیں 20 جون 2017 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترکی کے ’’لیجن آف میرٹ ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن