عمران نے پارلیمنٹ کو تالے لگوائے ، فا شسٹ میڈیا کی آزادی کا ٹھکیدار نہیں ہو سکتا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایک فاشسٹ میڈیا کی آزادی کا ٹھیکیدار نہیں ہو سکتا۔ عمران خان چار سال تک میڈیا کا قتل کرتے رہے۔ انٹرنیشنل میڈیا واچ نے عمران خان کو فاشسٹ قرار دیا۔ صحافیوں کو اغوا کرنے والا‘ میڈیا کی آزادی کچلنے اور پارلمان میں تالے لگوانے والا عمران خان ہے۔ عمران خان کا پنجاب کی بیوروکریسی پر ناجائز دباؤ ہے۔ شہباز گل کو تفتیش سے بچانے کیلئے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ریڈیو پاکستان میں یوم پاکستان کے حوالے سے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پیارے پاکستان کی آواز اور پاکستانیت کی علامت ہے۔ ریڈیو نے معاشرے میں اعتدال پسند رویوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ریڈیو پاکستان کے سینئر آرٹسٹ ہمارا اثاثہ ہیں۔ ہمیں ان کے ہنر اور صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے مختلف کیٹیگریز میں منتخب ہونے والے افراد میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سینئر آرٹسٹوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب میں قیام پاکستان سے لے کر اب تک ریڈیو پاکستان پر چلنے والے قومی ترانے‘ ملی نغموں کی جھلکیاں اور خصوصی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں۔