• news

ایرانی وزیر، سویڈش سفیر کی بلاول سے ملاقاتیں: تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور 


 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے سویڈن کے سفیر ہنرک پرسن نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔ بلاول بھٹو زرداری کو ہنرک پرسن نے سویڈن کے اعلی تعلیمی اداروں میں پاکستانی طلباء کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ نے کہا یہ جان کر خوشی ہوئی کہ سویڈش کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھارہی ہیں، مجھے خوشی ہوگی کہ دنیا کے مختلف ممالک سے مزید کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ وزیر خا رجہ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع ہیں جن سے دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدے اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان اور سویڈن عالمی و علاقائی معاملات پر اپنے تعاون کے سلسلے کو جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری سے ایران کے وزیر برائے اربن ڈویلپمنٹ رستم قاسمی بھی ملے۔ دوطرفہ تعلقات کے فروغ، تجارت میں اضافے، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک کی سرحد کے ساتھ زمینی راستوں،  بازاروں کے قیام کو بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی ہم منصب میلانی جولی کے درمیان ویڈیو لنک رابطہ ہوا۔ عالمی اور علاقائی تعلقات پر تبادلہ کیا گیا۔  بلاول بھٹو نے کہا کہ پاک کینیڈا تجارتی تعلقات  میں مزید فروغ  وقت کی ضرورت ہے۔ افغانستان کیلئے کینیڈا کی انسانی بنیادوں پر مدد خوش آئند ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے وزارت خارجہ کا منصب سنبھالنے پر بلاول بھٹو زرداری کو مبارک باد دی۔ پاکستان کے قیام کی ڈائمنڈ جوبلی کی تکمیل کے موقع پر دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم کا  اعادہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کی عالمی اور علاقائی تعلقات پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ بلاول بھٹو زرداری اور کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی کا کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تجارتی تعلقات میں مزید فروغ وقت کی ضرورت ہے،  پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کی تاریخی نوعیت ہے۔ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر مسلح حملے کی شدید مذمت اور دہشتگرد حملے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔  پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ  جام شہادت نوش کرنے والے  پولیس اہلکار کانسٹیبل نثار اور کانسٹیبل پیر رحمن قوم کے ہیرو ہیں۔ بلاول بھٹو  نے  پارٹی سے وابستہ سابق رکنِ اسمبلی غلام مجدد اسران کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار  کیا ہے۔ بیان میں کہا غلام مجدد اسران کے انتقال سے پارٹی اپنے ایک ثابت قدم رہنما سے محروم ہوگئی، مرحوم کی اپنے حلقے کی عوام اور پارٹی کے لیے طویل خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

ای پیپر-دی نیشن