• news

عمران کے فیصل آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد‘ ننکانہ سے منظور


صاحب+ فیصل آباد (نامہ نگار+ نامہ نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر اعظم عمران خان کے ننکانہ صاحب کے حلقہ NA118  سے کاغذات نامزدگی منظور جبکہ فیصل آباد 108 سے مسترد کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریٹرننگ آفیسر تنویر الحسن نے ننکانہ صاحب کے حلقہ NA118  کے ضمنی الیکشن کے لیے جانچ پڑتال کے بعد تمام 10 امیدواروں کو الیکشن لڑنے کے اہل قرار دے دیا۔ اعجاز احمد شاہ نے عمران خان کے کورنگ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ڈاکٹر شذرہ منصب کھرل اور پیپلز پارٹی کے رائے شاہ جہان بھٹی، مذہبی تنظیم ٹی ایل پی کے افضال حسین شاہ اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کے ضلعی امیر رائے ملازم حسین کھرل ، رائے فیصل رشید بھٹی، مہر سعید ظفر پڈھیار، رضوان واہگہ اور سائرہ منصب کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔ این اے 108 فیصل آباد ضمنی انتخاب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے جبکہ ریٹرننگ افسر نے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے۔ ریٹرننگ افسر نے کہا ہے کہ عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا‘ لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔ عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کا فرق ہے۔ الیکشن کمشن نے صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی کے 6 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کی سربراہی میں وہ ٹیمیں اپنے فرائض سرانجام دیں گی۔ ترجمان الیکشن کمشن پنجاب کے مطابق مانیٹرنگ ٹیمیں امیدواروں کی انتخابی مہم کو مانیٹر کریں گی اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر فوری ایکشن لیں گی۔  این اے 108 فیصل آباد کے ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب اور مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی سمیت 12 امیدواروں کے کاغذات منظور ہوئے۔ ریٹرننگ آفیسر عرفان کوثر نے ایک روز قبل کاغذات نامزدگی کے مختلف صفحات پر عمران خان کے دستخط میں فرق ہونے کی وجہ سے امیدوار کو خود پیش ہونے کیلئے طلب کیا تھا۔ تحریک انصاف نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور اس فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے آر او آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد سے عمران خان ہی ان کی پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے ریٹرننگ آفیسر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے ریٹرننگ آفیسر کے آفس میں ہنگامہ آرائی کی اور آر او کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ 

ای پیپر-دی نیشن