• news

5فلسطینی بچے شہید کئے،اسرائیل کا انکار کے بعد ڈھٹائی سے اعتراف 


غزہ‘ برسلز (آئی این پی+ اے پی پی) اسرائیل نے ڈھٹائی سے غزہ میں نہتے فلسطینیوں کیخلاف کارروائی میں 5 فلسطینی بچوں کو شہید کرنے کا اعتراف کرلیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی دفاعی حکام نے تصدیق کی ہے کہ 7  اگست کو شمالی غزہ کے قریب فلسطینی مہاجر کیمپ پر  اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں 5 بچے شہید ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوجی عہدیداروں نے دفاعی حکام کے برعکس یہ جھوٹا دعوی کیا تھا کہ فلسطینی بچوں کی شہادت مزاحمت پسند تنظیم کے راکٹ حملے سے ہوئی۔ اسرائیل کے فضائی حملے میں متعدد فلسطینی زخمی بھی ہوئے تھے اور گھروں کو نقصان پہنچا تھا۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے اعتراف کیا  ہے کہ یورپی یونین نے  فلسطین  کی صورتحال کے برعکس یوکرائن کے بحران پر دوہرا معیار اپنایا۔ چینی ذرائع ابلاغ کے مطابق  انہوں نے کہا کہ ہم پر اکثر دوہرے معیار بارے  تنقید کی جاتی ہے جبکہ بین الاقوامی سیاست زیادہ تر دوہرے معیار کے زیر اثر ہے کیونکہ  ہم تمام مسائل کے لیے ایک ہی معیار نہیں رکھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ  یوکرین کا بحران براہ راست یورپ کو متاثر کرتا ہے۔ دریں اثناء انہوں نے غزہ کو  بغیر پانی و بجلی کے  ’’کھلی جیل‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطی کے تنازعے کو حل کرنا یورپی یونین کے بس میں نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن