• news

ممنو عہ فنڈنگ کیس، عمران نے ایف آئی اے کے نو ٹس کا جواب دینے سے انکار کر دیا 


 اسلام آباد+ پشاور  (اپنے سٹاف رپورٹر سے+وقائع نگار+ نامہ نگار+بیورو رپورٹ + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے نوٹس کا جواب دینے سے انکار کردیا۔ عمران خان اور پی ٹی آئی نے جواب سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان کے ذریعے بھجوایا اور یہ تحریری جواب ایف آئی اے کمرشل بینک سرکل اسلام آباد کی ڈپٹی ڈائریکٹر آمنہ بیگ کو بھجوایا گیا ہے۔  تحریری جواب میں کہا گیا  ہے کہ  عمران خان آپ کو جوابدہ ہیں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند ہیں،چنانچہ  دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی ہوگی الیکشن کمشن نے فیصلہ نہیں دیا بلکہ رپورٹ جاری کی۔  ایف آئی اے کے پاس پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت کارروائی کا اختیار نہیں، جاری کیاگیا نوٹس ایف آئی اے ایکٹ سے بھی متصادم ہے۔  تحقیقاتی اداروں نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں تحقیقات کا دائرہ بیرون ملک توسیع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات اب بیرون ملک بھی کی جائیں گی جس میں امریکا اور برطانیہ سمیت جن ممالک سے فنڈز آئے وہاں بھی تحقیقات کی جائیں گی۔  امریکی ایجنسی ایف بی آئی سمیت برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی اور دیگر اداروں سے مدد لی جائے گی۔ اکبر ایس بابر نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں الیکشن کمشن فیصلہ کے خلاف درخواست میں فریق بننے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ گذشتہ روز درخواست دائر کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لارجر بینچ تشکیل دیا گیا ہے اس میں فریق نہیں بنایا گیا، ہم سمجھتے ہیں جہاں الیکشن کمشن کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اس میں ہم فریق بنیں، بارہا کوشش کی گئی کہ ہمیں نکالا جائے، غیر قانونی فنڈ ریزنگ کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے، میں کہتا آیا ہوں یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا فنڈنگ سکینڈل ہے، اس سکینڈل میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شریک ہیں، فنانشل ٹائمز کی خبر نے ثابت کیا ابراج سے ڈالرز آئے، عمران خان آپ نے سچائی سامنے آنے سے روکنے کیلیے کئی پٹیشن دائر کی، فنانشل ٹائمز کی سٹوری آپ کے دعووں کو تباہ کرتی ہے کہ کچھ نہیں چھپایا، آپ فنانشل ٹائمز کیخلاف دعوی کیوں دائر نہیں کرتے، آپ کو تو اْس ملک کی عدالتوں پر بڑا اعتبار ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق کی عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی فنانشل ڈیپارٹمنٹ کے افسر نعمان کا ایف آئی اے نوٹس کے خلاف درخواست میں ایف آئی اے کی جانب سے جواب کیلئے مہلت کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے علی گوہر جبکہ وفاق سے ڈپٹی اٹارنی جنرل ارشد کیانی عدالت پیش ہوئے۔ علی گوہر ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمشن نے وفاقی حکومت یا ایف آئی اے کو کسی کارروائی کا نہیں کہا، ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ ہمیں وفاقی حکومت نے انکوائری شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق گورنر خیبر پی کے  سمیت 5 شخصیات کے ایف آئی اے میں آج طلبی، پشاور سمیت صوبے کے مختلف بنکوں نے مختلف اکائونٹس کے حوالے سے تفصیلات بھی ایف آئی اے کو فراہم کردی ہیں۔ ایف آئی اے نے سابق گورنر شاہ فرمان، سابق سپیکر اسد قیصر، سابق فنانس سیکرٹری محمد عمران، صوبائی ممبر فنانس محمد محسن دادا کو تحقیقات کے لئے نوٹسز جاری کئے ہیں۔ سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق و قواعد و ضوابط میں پیش نہیں ہوئے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق و قواعد و ضوابط کا قاسم نون کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ جس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید پیش نہ ہوئے، دونوں رہنماؤں کو پارلیمنٹ لاجز حملہ کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن