آرمی چیف سے کمانڈر سینٹ کام کی ملا قا تیں ، علاقائی سلامتی، دفا عی تعاون پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) امریکی سینٹکام کے کمانڈر نے وفد کے ہمراہ جمعرات کو جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق امریکی کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ون آن ون ملاقات بھی کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور استحکام، دفاعی اور سکیورٹی تعاون بالخصوص عسکری تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں پاک فوج کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے فوجی تربیتی تبادلے کے پروگرام پر بھی بات چیت کی گئی۔ دورہ کرنے والے وفد کے ارکان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، انسداد دہشت گردی کے تجربات اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک فوج کی قابل ستائش کوششوں کا اعتراف کیا۔ بعد ازاں وفد کو آرمی میوزیم کا دورہ بھی کروایا گیا اور وفد کے ارکان نے میوزیم کے مختلف تاریخی اہمیت کے حامل حصوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔