پی ٹی آئی سازشوں کے ذریعے قوم کا وقت ضائع کررہی ہے :طارق محمود
جوئیانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی رہنما وسابق ممبر ضلع کونسل حاجی طارق محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے دور اقتدار میں ملک و قوم کے قیمتی ساڑھے تین سال ضائع کر کے اب منفی ہتھکنڈوں اور سازشوں کے ذریعے مزید وقت ضائع کرنے کے درپہ ہے سیاست کو سازشوں کا گڑھ اور اقتدارکے ایوانوں کو مچھلی منڈی بنانے والے پی ٹی آئی رہنما جمہوریت پسندی کی بات کرکے اپنا مذاق خود اڑا رہے ہیں قوم انکا اصل چہرہ دیکھ چکی اور انکے منفی عزائم سے پوری طرح آگاہ ہے، اپنے ایک بیان میں حاجی طارق محمود ڈوگر نے کہا کہ بیرونی سازش کا بیانیہ ناکام ہونے کے بعد عمران خان نے اپنے قتل کی سازش کا نیا شوشہ چھوڑا جس پر بھی قوم نے کان نہیں دھرے۔ تو اب یہ نئے انتخابات کے فوری انعقاد کا مطالبہ کرکے نئی محاذ آرائی کو جنم دینا چاہتے ہیں جس میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔