• news

پاکستان اور امریکہ میں کثیر الجہتی تعاون کے فروغ پر اتفاق 


  اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیر الجہتی امور پر تعاون کے فروغ پر اتفاق ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر کی امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے بین الاقوامی آرگنائزیشن امور ایمبیسیڈر مشیل جے سیزان سے ملاقات ہو ئی۔ ملاقات کے دوران پاک امریکہ کثیرالجہتی امور میں تعاون خصوصاً پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں تعاون، بہتر روابط اور ڈیجیٹل شمولیت سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے بین الاقوامی آرگنائزیشن امور مشیل جے سیزان سے ملاقات باعث مسرت رہی۔ پاکستانی سفیر نے ملاقات کو نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوران ملاقات کثیر الجہتی امور پر دونوں ملکوں کے درمیان تعاون ، روابط میں بہتری لانے اور ڈیجیٹل شمولیت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پا کستانی سفیر نے بات چیت کو مثبت گفتگو قرار دیا۔ مشیل سیزان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستانی سفیر مسعود خان کے ساتھ ملاقات مثبت رہی اور اس دوران کثیر الجہتی تعاون کو وسعت دینے  اوراقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول  اور دیگرامور پر تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان  اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات  کے فروغ  اور مختلف شعبہ جات جن میں تجارت، سرمایہ کاری، صحت، توانائی، زراعت اور ٹیک سیکٹر جیسے اہم شعبہ جات شامل ہیں کے فروغ کیلیے روابط  کو تیز کیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن