مہنگائی کے تما م ریکارڈ ٹوٹ گئے، شرح 42.3فیصد تک پہنچ گئی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حالیہ ہفتے 11 اشیاء سستی، 15 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ایک ہفتے میں بجلی چارجز 68 پیسے فی یونٹ بڑھ گئے۔ مہنگائی کی شرح میں 3.35 فیصد کا مزید اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 42.31 فیصد پر پہنچ گئی۔ حالیہ ہفتے پٹرول کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر 18 روپے 55 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ زندہ مرغی 19 روپے 12 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔ ایک ہفتے میں آٹا، مٹن، پیاز، دودھ کی قیمتیں بھی بڑھی۔ حالیہ ہفتے ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 3.46 فیصد سستا ہوا۔ گھی کی فی کلو قیمت میں 1.16 فیصد کمی ہوئی۔ حالیہ ہفتے چینی کی قیمت میں بھی کمی ہوئی ۔ ایس پی آئی میں سب سے کم آمدنی والے طبقے یعنی ماہانہ 17 ہزار 732 روپے سے کم آمدنی والے افراد کیلئے ہفتہ وار 1.80 فیصد اور 44 ہزار 175 روپے سے زیادہ ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 3.94 فیصد اضافہ ہوا۔