• news

نیدر لینڈ کیخلاف تیسرا ون ڈے کل پاکستان کی ورلڈ کپ سپر لیگ میں تیسری پوزیشن 

کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی میچ کل اتوار کو روٹرڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر 2 بجے شروع ہو گا، پاکستان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز پہلے ہی دو صفر سے جیت چکا ہے۔ نیدر لینڈز میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کا گزشتہ روز آرام کیا اور ٹریننگ سیشن شیڈولڈ نہیں تھا، قومی ٹیم آرام کے بعد تیسرے ون ڈے سے قبل آج ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی۔ پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے ون ڈے میں ہالینڈ کے خلاف شاندار فتح کے بعد تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ مین ان گرین نے تیسرے نمبر پر افغانستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اگر وہ تیسرے اور آخری ون ڈے میں جیت درج کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ان کے پاس دوسرے نمبر پر جانیکا موقع ہے۔پاکستان اس وقت مقابلے میں دوسرے نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے 10 پوائنٹس سے پیچھے ہے اور وہ ٹیبل ٹاپر انگلینڈ سے مزید پانچ پوائنٹس کی دوری پر ہے۔انگلینڈ125پوائنٹس کیساتھ پہلے ‘بنگلہ دیش 120پوائنٹس کیساتھ دوسرے ‘پاکستان 110پوائنٹس کیساتھ تیسرے ‘افغانستان 100پوائنٹس کیساتھ چوتھے ‘نیوزی لینڈ 90پوائنٹس کیساتھ پانچویں ‘ویسٹ انڈیز 90پوائنٹس کیساتھ چھٹے ‘بھارت 89پوائنٹس کیساتھ ساتویں ‘آسٹریلیا70پوائنٹس کیساتھ آٹھویں ‘آئرلینڈ 68پوائنٹس کیساتھ نویں ‘سری لنکا 62پوائنٹس کیساتھ دسویں ‘جنوبی افریقہ 49پوائنٹس کیساتھ گیارہویں ‘زمبابوے 35پوائنٹس کیساتھ بارہویں اور نیدر لینڈز 25پوائنٹس کیساتھ تیر ہویں نمبر پرہے ۔  پاکستان کی اگلے میچ میں جیت نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف آنے والی سیریز میں نتائج سے قطع نظر ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کیلئے کوالیفائی کرنے کی ضمانت دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن