بابر اعظم 89ون ڈے اننگز میں زیادہ رنز بنانے والے بیٹربن گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم ریکارڈز توڑنے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں اور انہوں نے نیدرلینڈز کےخلاف پہلے ون ڈے کے دوران بھی ایسا ہی کیا۔ بابر اعظم نے 89 ون ڈے اننگز کے بعد سب سے زیادہ مجموعی رنز بنانے میں جنوبی افریقہ کے لیجنڈ بلے باز ہاشم آملہ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ طویل عرصے تک یہ ریکارڈ قائم رکھنے والے ہاشم آملہ 89 ون ڈے میچز کے بعد 4539 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے جبکہ موجودہ نمبر ایک ون ڈے بلے باز 4573 رنز بنانے کے بعد انہیں پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔
لیجنڈری ویسٹ انڈین سر ویوین رچرڈز 89 ون ڈے اننگز میں 4071 رنز کےساتھ تیسرے، ویسٹ انڈیز کے ہی شائی ہوپ 4030 رنز سکور کرکے چوتھے اور سابق برطانوی کپتان جو روٹ 89 ون ڈے اننگز کھیل کر 3940 رنز سکور کرکے فہرست میں پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔بابر اعظم اب تک 91 ون ڈے میچز کی 89 اننگز میں 59.38 کی اوسط اور 90.16 کے سٹرائیک ریٹ سے 4573 رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 17 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا کا کوئی بھی بیٹر یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکا اور بابر اعظم ایسا کرنے والے پہلے کھلاڑی ہیں۔