70 فیصد شہری سیوریج ملا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں:ذکر اللہ مجاہد
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے واسا کی آمدن کو بڑھانے کیلئے پانی کے بلوں میں اضافے کی تیاریوں کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہر لاہور میں واسا مرحلہ وار پانی کے بلوں میں اضافہ سے باز رہے۔ واسا پہلے ہی شہریوں کو پینے کاصاف پانی فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے۔ 70 فیصد شہری سیوریج ملا گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ واسا شہریوں کو صاف کی فراہمی کیلئے اقدامات کرنے کی بجائے اپنی آمدن میں اضافہ کیلئے مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں کررہا ہے جو قابل مذمت ہے۔شہری پانی کا بل دینے کے باوجود گندہ سیوریج ملا پانی استعمال کررہے ہیں جس سے مختلف موذی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ واسا کے بزنس پلان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ عوام پہلے ہی بجلی، پٹرول، گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اورمہنگائی و بیروزگاری کے ہاتھوں سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے۔