گورنر پنجاب سے نارویجن سفیر کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر گفتگو
لاہور (اے پی پی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے گورنر ہائوس میں پاکستان میں تعینات ناروے کے سفیر البرٹ الاساس نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران تجارت سمیت دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کے ساتھ ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں میں ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں توانائی، کمیونیکیشن سیکٹر سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ ناروے کے سفیر البرٹ الاساس نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔