• news

لیاری سے عمران کے کاغذات منظوری چیلنج، 108 سے مسترد ہونے کے خلاف اپیل 


کراچی (آئی این پی+ سپیشل رپورٹر) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے  246لیاری میں ضمنی انتخابات کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیو ایم کے امیدوار طیب ہاشمی نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے حقائق کو نظر انداز کر کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے گوشواروں میں زرعی زمین چھپائی، اپنے بنک سٹیٹمنٹ بھی چھپائے، عمران خان اور ان کی اہلیہ القادر ٹرسٹ کے بینیفشری ہیں، لیکن کاغذات میں کوئی ذکر نہیں، لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں عمران خان نے این اے 108 سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی  ہے۔ اپیل میں الیکشن کمشن اور ریٹرنگ آفیسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کو مدنظر نہیں رکھا ہے۔ سابق وزیراعظم نے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے‘ باقی حلقوں سے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔ الیکشن ٹربیونل ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن