• news

خواتین پر ظلم و جبر کا خاتمہ کیا جائے،  انکے  حقوق کا تحفظ کریں گے: سراج الحق 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے دعووں اور اعلانات کے باوجود کبھی خواتین کو ان کے حقوق نہیں دئیے۔ اسلامی نظام ہی عورتوں کے تمام حقوق اور عزت کا ضامن ہے۔ عورت جتنی مظلوم آج ہے پہلے نہ تھی۔ ظالم سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے وفاداروں نے عورت کو بنیادی حقوق سے محروم کر رکھا ہے۔ پاکستان میں خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔ خواتین کو وراثت میں حصہ نہیں ملتا۔ ونی، کاروکاری اور قرآن سے شادی کی مکروہ رسمیں آج بھی جاری ہیں۔ جاگیرداروں اور وڈیروں نے عورت کو باندی بننے پر مجبور کر دیا ہے۔ خواتین اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور دلیل کی قوت سے مغربی کلچر کی یلغار کے خاتمے کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ مہنگائی نے تمام ریکارڈ توڑ دئیے، اشیائے خوردونوش کے نرخ سن کر لوگوں کے ہوش اڑ جاتے ہیں۔ ملک میں جاری مہنگائی اور بدامنی کی لہر سے کروڑوں خواتین متاثر ہیں۔  غربت کی وجہ سے لوگوں کے پاس بچیوں کو سکولوں میں بھیجنے کے وسائل نہیں۔ عورتوں کی ہراسگی کے واقعات کے خاتمہ کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں۔ ریپ کے مجرموں کو سرعام لٹکایا جائے۔ فحاشی و عریانی کے کلچر کی روک تھام کے لیے میڈیا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں چار ہزار کے قریب خواتین لاپتا ہیں۔ جدیدیت اور مادیت پرستی کے دور میں خواتین کو بازار کی زینت اور بکاؤ مال کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور انہیں بے پردگی اور گھر سے نکلنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اسلام عورت سمیت انسانیت کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ملک کو سازش کے تحت اسلامی نظام سے محروم رکھا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اقتدار دیا، تو عورتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ ان پر ظلم اور جبر کا خاتمہ کیا جائے گا۔ بیوہ خواتین، یتیم اور غریب بچیوں کی کفالت کی ذمہ اری سٹیٹ لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن