کرونا ، 2 افراد جاں بحق ، 158 مریضوں کی حالت نازک ، 19 ستمبر سے بچوں کی ویکسینیشن کا فیصلہ
اسلام آباد (خبر نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب کے اعداوشمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کرونا سے مزید 2 افراد چل بسے۔ 449مزید مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 2.51 ریکارڈ کی گئی کہ قومی ادارہ صحت کی جانب سے جاری این سی او سی کے اعداوشمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کرونا سے متاثر مزید 2 افراد انتقال کر گئے جبکہ 158مریضوں کی حالت نازک ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں کرونا کے17ہزار 872 ٹیسٹ کئے گئے جس میں 449 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ وفاقی حکومت نے19 ستمبر سے پنجاب اور سندھ کے 5 سے 11 سال کی عمر کے 16 لاکھ سکول جانے والے بچوں کو کرونا سے بچا ئوکے ٹیکے لگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویکسی نیشن مہم آئندہ ہفتے امریکہ سے فائزر اور بائیو ٹیک ویکسینز کی 3 کروڑ60 لاکھ پیڈیاٹرک خوراکیں ملنے کے امکان کی وجہ سے شروع کی جا رہی ہے۔ ایک عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ حکومت نے سکول جانے والے بچوں کو کرونا ویکسی نیشن کوریج کے تحت لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ مہم صرف پنجاب اور سندھ میں شروع کی جائے گی۔ این سی او سی نے سکول جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن کی ذمہ داری فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کو سونپی ہے۔ بچوں کو دو مرحلوں میں ویکسین دی جائے گی۔