• news

وزیر ریلوے کی زیرصدارت اجلاس‘ 5 بڑے سٹیشنز کو جدید بنانے کا فیصلہ


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیرصدارت ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں پانچ بڑے سٹیشنوں کی جدید خطوط پر ڈویلپمنٹ کا فیصلہ کیا۔ وفاقی وزیر کی ہدایات پر کراچی، لاہور، فیصل آباد، پشاور اور کوئٹہ ریلوے سٹیشنز کو کمرشل حب بنایا جائے گا جس سے ریلوے کے ریونیو میں اضافہ ہو گا۔ وزیرِ ریلوے نے انتظامیہ کو گوادر آفس میں فوراً عملہ بھیجنے‘ تمام پاور وینز کی نومبر تک مکمل فٹ حالت میں دستیابی یقینی بنانے اور سسٹم میں موجود تمام سنگل ڈی جی سیٹس کو ڈبل کرنے کے احکامات دیئے۔ انہوں نے سٹیشنوں پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم ایل تھری کے بزنس پرپوزل کو وفاقی وزیر کے دورہ قطر کے دوران قطری حکومت اور سرمایہ کاروں کے سامنے رکھا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن