بجلی بلوں پر امپورٹڈ حکومت کیلئے بے تحاشا بد دعائیں نکل رہیں: عمر چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مشیر اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ سازشی ٹولے نے مہنگائی اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ سے عوام کا بھرکس نکال دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عوام خاص طور پر کسان شہباز حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ پی ڈی ایم ٹولے نے اپنے 11 سو ارب بچا لئے جبکہ غریب سے دو وقت کی روٹی کا نوالہ چھین لیا۔ عمر سرفراز چیمہ کا کہنا تھا کہ بے شرمی اور ڈھٹائی تو یہ ہے کہ شہباز حکومت نے صفر یونٹ والوں کو بھی ہزاروں کے بل بھیج دیئے۔ بے تحاشہ بجلی کے بلوں کی وجہ س آج ہر گھر سے امپورٹڈ حکومت کے خلاف بد دعائیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں بجلی اور پٹرول پر سبسڈی دی جا رہی تھی۔ پٹرول 150 روپے لیٹر اور کسان خوشحال تھا۔ کسان آج رل گیا ہے۔ مشیراطلاعات نے کہا کہ قوم پریشان نہ ہو‘ عمران خان آج بھی عوام کی جنگ لڑ رہا ہے۔