• news

حکمران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں: شاہ محمود


ملتان‘ ٹاٹے پور (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار)  پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک میں فسطائیت کا راج ہے‘حکمران اتنا ظلم کریں جتنا وہ برداشت کرسکیں‘سیاسی کارکنوں پر تشدد نے آمریت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے‘ ہر روز عمران خان کے خلاف ایک نیا پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے‘ حکمران جتنا مرضی پروپیگنڈہ کرلیں عوام کی عمران خان سے محبت ختم نہیں ہوسکتی‘ امپورٹڈ اور نا اہل حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں بھینی‘ ڈیرہ محمدی‘ قادر پور راں‘ بدھلہ سنت‘ ڈمرا میں کارنر میٹنگز اور ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا این اے 157میرا گھر ہے۔ یہاں کے عوام سے دلی تعلق ہے۔ یہاں کے عوام نے میرے والد اور مجھے عزت دی اور اپنا نمائندہ منتخب کیا اور ہم نے یہاں کی عوام کو ہم نے مایوس نہیں کیا قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدومزادہ زین حسین قریشی یونین کونسل پہنچے تو ان کا پرتپا ک استقبال کیا گیا۔ موضع ڈمرا میں عرفان حسین  قریشی‘ اکرم بلوچ‘ اصغر خان کھیڑا کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔ یونین کونسل ڈمرا میں ملک صفدر کھیڑا‘ غلام محمد راں‘ حاجی صدیق ڈوگر کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر ملک واصف مظہر راں‘ کرنل (ر)سلیم راں‘ سلیم خان کھیڑا‘ اشفاق کھیڑا‘سید مظہر عباس شاہ ودیگر شخصیات نے شرکت کی۔یونین کونسل بھینی میں رانا محمد جاوید کی جانب سے ورکرز کنونشن منعقد کیا گیا۔اس موقع پر رائے منصب علی خان، رائے عارف علی خان، میاں مجاہد مڑل، رانا جاوید، رانا عمران، مشتاق اور دیگر شخصیات بھی ہمراہ شریک ہوئے قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی‘ ملک واصف مظہر ران ایم پی اے کی رہائش پر آئے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کئے قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے قادرپور راں میں محکمہ جنگلات کی جانب سے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے پودا لگا کر شجرکاری مہم موسم برسات 2022 کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ملک واصف مظہر راں اور ملک عاطف مظہر راں بھی ہمراہ شریک۔کرنل (ر) سلیم، اعجاز احمد راں اور محکمہ جنگلات توسیع سب ڈویژن ملتان، جنوبی پنجاب کے حکام اور ملازمین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن