• news

شہباز گل پر تشدد کی ٹویٹ سے پوری دنیا میں حکومت کی ناک کٹ گئی: شیخ رشید 


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز گل پر تشدد کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ عمران خان نے شہباز گل پر تشدد کی جو ٹویٹ کی اس سے پوری دنیا میں موجودہ امپورٹڈ حکومت کی ناک کٹ گئی ہے ۔ راولپنڈی اہمیت کا حامل شہر ہے، کل عمران خان کا جلسہ لیاقت باغ کے اندر اور باہر دونوں جگہ ہو گا۔ عمران خان کل لیاقت باغ میں اہم خطاب کریں گے۔ عامر کیانی اس جلسے کے مہتمم ہیں۔ ان سے گلہ ہے کہ ہمیں جلسے کا صرف دو دن پہلے بتایا لیکن ہم ان کے ساتھ مل کر تیاریوں میں مصروف ہیں۔ یہ تاریخی جلسہ ہو گا۔ ہفتہ کو لیاقت باغ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان کی ملک کے80  فیصد علاقہ پر حکومت نے شہباز گل کیس میں اسلام آباد پولیس ذلیل ہو کر رہ گئی ہے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لیاقت باغ میں پریس کانفرنس کے دوران دلچسپ پیرائے میں بھی گفتگو کی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں محترمہ فاطمہ جناح کے جلسے کیلئے کیمپ میں بھی شریک تھا۔ عمران خان کے کروڑوں ٹویٹر موجود ہیں، میں نے تو ابھی ٹویٹر کی شروعات کی میری آواز چٹان کی طرح عمران خان کے ساتھ ہے۔ عمران خان کی نا اہلی کے سوال پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئی عقل کا اندھا ہو گا جو عمران خان  اور قوم کی آواز کو دبائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن