• news

ٹیکس ایکسپورٹ بڑھانا ہوگی ، معاشی استحکام کیلئے روڈ میپ تیار کرلیا : احسن اقبال 

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ہٹلر کے نقش قدم پر چل کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے ڈوبتی ملکی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے کے لئے روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔ پاکستان کو ڈیفالٹ نہیں ہونے دیں گے لیکن اس لئے ایکسپورٹ اور ٹیکس کی شرح کو بڑھانا ہو گا۔ ہم نے مشکل فیصلے کر کے سیاست نہیں ریاست بچانے کی بات کی ہے۔ رجیم چینج تو بنیادی طور پر2018ء میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب اور سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اس سال ٹیکس کے محصولات کا ہدف 7 ہزار ارب ہے جس میں 4 ہزار صوبوں کو چلا جائے گا۔ ملک کی ترقی کے لیے ٹیکس محصولات کو 15 ہزار سے 20 ہزار تک بڑھانا ہوگا۔ کارپوریٹ گورننس کو بین الاقوامی معیار تک پہنچا نا ہو گا تاکہ جائنٹ وینچرز آ سکیں۔ بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی گردشی قرضوں میں اضافے کی وجہ ہے۔ بلوں کی وصولی کے لئے صوبوں کی مدد لے رہے ہیں۔ پاکستان،امریکہ نالج کوریڈور بنا دیا گیا ہے۔ جس کے تحت 10 ہزار نوجوان امریکہ میں پی ایچ ڈی کر سکیں گے۔ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں صرف 9 سال ن لیگ کو حکومت ملی ہے۔ 4 سال میں گوادر پورٹ کی صفائی نہیں کی جس کی وجہ سے اب کوئی بڑا جہاز لنگر انداز نہیں ہو سکتا ہے۔ اگر پاکستان کو آگے بڑھانا ہے تو نجی شعبہ کو ڈرائیونگ سیٹ سنبھالنی ہوگی۔ احسن اقبال نے کہا کہ نجی شعبہ کو موقع دیا جائے کہ وہ میڈن ان پاکستان کو ایک معیاری برانڈ بناکر دنیا بھر میں پیش اور برآمدات میں بھرپور اضافہ کرے، ترقی یافتہ ممالک نے برآمدات کی بنیاد پر ترقی کی لیکن ہم نے اس جانب توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا تناسب صرف 9.5 فیصد ہے جبکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں کم از کم 18-20 فیصد کی ضرورت ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ ایک اقتصادی کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے جس میں تمام سیاسی جماعتوں اور سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے تاکہ درست سمت کا تعین کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کی آمدنی پر ٹیکس لگانا چاہیے۔ سینئر نائب صدر میاں رحمنٰ عزیز چن‘ نائب صدر حارث عتیق‘ میاں نعمان کبیر نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن