ڈینگی وائرس پرموثر کنٹرول اور مکمل خاتمہ حکومت کی اہم ترجیح ہے: کمشنر گوجرانوالہ
گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مزید تیزی اوربہتری لانے اوراس موذی مرض کے حوالے سے عوام کو شعور وآگہی فراہم کرنے کیلئے ہدایات دی گئیں. قائم مقام کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سائرہ عمر نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے پیش نظرکہا کہ ڈینگی پرموثر کنٹرول اور اس کا مکمل خاتمہ حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے اور بارشوں کے پیش نظرہمیں اپنی سرگرمیوں کومزید تیزاوربہتربنانا ہوگا تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے تمام اسباب کوختم کیا جاسکے۔ قائم مقام کمشنر نے کہا کہ ڈویژنل ہیڈکوارٹرہسپتال کے ساتھ ساتھ تمام ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی ڈینگی وارڈز قائم کیے جاچکے ہیں جہاں ڈینگی کے شکار مریضوں کو تمام ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فرجاد بٹ، اسسٹنٹ کمشنر تنویر یاسین، ڈی ایچ او ڈاکٹر صوفیہ بلال، فوکل پرسن برائے وبائی امراض ڈاکٹر معیذ اور دیگر شریک تھے ۔ اجلاس مےں قائم مقام کمشنر سائرہ عمر نے اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ پرائس کنٹرول کمیٹی کے ارکان اورمتعلقہ محکموں کے ساتھ مل کرعوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورونو ش کی دستیابی کے سلسلہ میں جاری حکومتی اقدامات کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے کہا کہ مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ سزائیں دی جائیں اور ہرصو رت آٹا گھی چینی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی مقررہ نرخوںپردستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔انہوںنے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کومارکیٹوں کے مسلسل دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف بلا رو رعایت ایکشن لیا جائے ۔