• news

وزیراعظم کا آرمی چیف کو فون ، فلڈ آپریشن پر تعریف 


 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں سیلابی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز سے فون پر رابطہ کیا۔  وزیراعظم اور آرمی چیف نے ملک میں سیلاب متاثرین خاص طور پر صوبہ سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق گفتگو کی۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے صوبہ سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے صوبہ سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔ ہیلی کاپٹرز کے استعمال سے صوبہ سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے پاک فوج کے تعاون اور جذبے کو سراہا۔ آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لیے بے نظیر انکم سپورٹ کو ہدایت جاری کر دی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے وزیراعظم کو صوبہ سندھ میں بارشوں اور سیلاب کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حکومت سندھ اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو ریسکیو اور ریلیف سے متعلق اقدامات پر بریف کیا۔وزیرعظم نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں کو مزید تیز کیا جائے۔مزید برآں اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہاکہ ترکیہ میں ٹریفک حادثہ کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی خبروں پر دلی افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور پاکستانی قوم کی جانب سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان اور بہادر خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ 

ای پیپر-دی نیشن