• news

باغ : پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ ، 9جوان شہید ، 4زخمی 


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آزاد کشمیر میں پاک فوج کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے میں 9 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر  کے مطابق پاک فوج کی گاڑی کو حادثہ  آزاد کشمیرکے علاقے باغ کے قریب پیش آیا جس میں 9 جوان شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔  آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی نماز جنازہ منگلا چھاؤنی میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں کورکمانڈر  راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا سمیت فوجی حکام  شریک ہوئے۔ شہداء کے جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی علاقوں کو روانہ کیے جائیں گے۔ شہداء کی تدفین مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔ ہاڑی گہل کے نواحی علاقہ شجاع آباد میں سحری کے وقت فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا۔ گاڑی منگ بجری باغ جارہی تھی۔ مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ حادثہ سحری کے وقت 3 اور 4 بجے کے قریب پیش آیا۔ رات کے اندھیرے کی وجہ سے مقامی امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہداء اور زخمیوں کو سی ایم ایچ راولا کوٹ منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کی طبی امداد دی جاری ہے۔ حادثہ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ پولیس چوکی شجاع آباد کے جوان اور مقامی لوگوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ وزیراعظم شہباز شریف  نے فوجی گاڑی کو حادثے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے 9 شہید ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کا عظیم فرض نبھاتے شہید ہونے والے بیٹوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کی بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے حادثہ میں زخمی ہونے والے جوانوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے جوانوں کی شہادت پر اظہار رنج و غم کرتے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے  شہید ہونے والے سپاہی سعید اور سپاہی اعظم‘ سپاہی ندیم، سپاہی ذیشان حیدر، سپاہی ابراھیم، سپاہی یعقوب، سپاہی اشفاق اور نائیک شاہد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس المناک حادثے میں فوجی جوانوں کی شہادت کی خبر سے دلی صدمہ پہنچا ہے، میں شہدا کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی آزاد کشمیر میں فوجی گاڑی کے حادثے پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن