• news

یوکرائن نے ہمارے کچھ فوجیوں کو زہر دیا ہے: وزیردفاع‘ کریمیا میں دھماکے‘ میزائل حملہ‘ 12 شہری زخمی


کیف‘ ماسکو (آئی این پی‘ اے پی پی) یوکرائن کے صدر ولودو میر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ملک کے 31 ویں یوم آزادی کے ہفتے کے دوران روس کوئی گھناﺅنا کام کر سکتا ہے۔ بدھ کو یوم آزادی کے موقع پر یوکرائن کے دوسرے بڑے شہر خار کیف میں پورا دن کرفیو نافذ رہے گا۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق یوکرائنی صدر نے اپنے شہریوں سے کہا روس کے زیرقبضہ یوکرائن کے علاقے کریمیا میں نئے دھماکے ہوئے ہیں جبکہ ایٹمی پاور پلانٹ کے نزدیک میزائل حملے میں 12 عام شہری زخمی ہو گئے۔ یوکرائن کے صدر کا اپنے شہریوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ مایوسی اور خوف کا شکار نہیں ہونا چاہئے جو ماسکو پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو رواں ہفتے خبردار رہنا چاہئے کہ روس شیطانی کام کر سکتا ہے۔ ادھر امریکہ نے یوکرائن کیلئے 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر مالیت کی اضافی فوجی امداد کا اعلان کیا ہے۔ امدادی پیکیج میں موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹمز کیلئے میزائل‘ اونچے زاویئے پر بھاری گولے پھینکنے کی صلاحیت کی حامل چھوٹی نال والی 16 ہااٹزر توپیں اور گولہ بارود کے 36 ہزار راﺅنڈ شامل ہونگے جبکہ راڈار نظاموں کو نشانہ بنانے والے تیز رفتار اینٹی ریڈی ایشن میزائل بھی فراہم کئے جائیں گے۔ روس کی وزارت دفاع نے الزام عائد کیا ہے کہ یوکرائن نے ان کے کچھ فوجیوں کو زہر دیا ہے جس کے جواب میں یوکرائن نے کہا کہ مبینہ زہر ممکن ہے روسی افواج کے زائدالمیعاد ڈبے والے گوشت کھانے سے پھیلا ہو۔ روس کی وزارت دفاع کے مطابق یوکرائن کے علاقے زپوریژیا میں 31 جولائی کو ان کی افواج کے بعض اہلکاروں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں طبی معائنے میں معلوم ہوا کہ ان کے جسم میں خطرناک زہریلا مواد موجود ہے۔ وزارت دفاع کے بیان کے مطابق کیمیائی دہشت گردی کی زیلنسکی حکومت کی طرف سے منظوری دی گئی، روس تمام تجزیوں کے نتائج کے ساتھ معاون ثبوت تیار کر رہا ہے۔
روس الزام

ای پیپر-دی نیشن