ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم ،1153اشتہاری مجرم گرفتار : سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم کے تحت کرایہ داروں، نجی ملازمین،مسافروں اور دیگر متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ میں اندراج میں بہتری آئی ہے۔ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں اندراج سے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بےحد مدد ملی۔ جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاکر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم (ٹی آر ایس) کے تحت رواں سال متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ اندراج میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ لاہور پولیس نے رواں سال 3 لاکھ سے زائدکرایہ داروں جبکہ 12ہزار 771 نجی ملازمین کا اندراج کیا گیا۔ ہوٹل آئی سوفٹ وئیر کے ذریعے 02 لاکھ 68 ہزار افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ٹریول آئی سوفٹ ویئر سے 8 لاکھ71ہزار مسافروں کا اندراج یقینی بنایا گیا۔ٹینٹ رجسٹریشن سسٹم کی مدد سے سنگین جرائم میں ملوث 1153اشتہاری مجرم گرفتار کئے گئے۔سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ ٹی آر ایس کے تحت کرایہ داروں اور نجی ملازمین کی رجسٹریشن مزید بہتر بنائیں۔ایس ایچ اوز شہریوں کی شکایات کی شنوائی اور داد رسی کیلئے مقررہ اوقات میں تھانوں میں لازمی بیٹھیں۔مقررہ اوقات میں شہریوں کی داد رسی میں غفلت پر ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی ہو گی۔