ضمنی الیکشن کے نتائج نے حکومتی دعوﺅں کی قلعی کھول دی: محمود الرشید
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)صوبائی وزیر بلدیات میاں محمود الرشید اور صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکمران عام انتخابات کے انعقاد سے مسلسل راہ فرار اختیار کرچکے ہیں ضمنی الیکشن کے نتائج نے انکے عوامی مقبولیت کے دعوﺅں کی قلعی کھول دی ہے اور عوام کی ان سے نفرت بھی واضح ہوگئی ہے پی ڈی ایم کو حق حکمرانی حاصل نہیں عوام نے پی ٹی آئی کو اقتدار دیا جس پر شب خون مارا گیا، عمران خان کی سیاست ختم کرنے کی سازشیں کرنے والے خود قصہ پارینہ بن رہے ہیں وفاقی حکمرانوں کو انتقامی کاروائیوں کے نتائج جلد بھگتنا پڑیں گے، پی پی 139کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی عمران خان کا نظریہ اور بیانیہ کو عوام کی بھرپور تائید وحمایت حاصل ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر پی ٹی آئی رہنما رانا عباس علی خاں کی رہائشگاہ واقع 23چک ڈھامکے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ضلعی صدر کنور عمران سعید ایڈووکیٹ و دیگر پارٹی رہنما موجود تھے، صوبائی وزراءنے کہا کہ پی ٹی آئی کا قافلہ عمران خان کی قیادت میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے ہم حصول اقتدار نہیں ملکی سلامتی و خوشحالی اور حقیقی آزادی و قومی خوداری کے تحفظ کی جدوجہد کررہے ہیں، امپورٹڈ حکمران اگر جمہوریت پسند ہوتے تواب تک مستعفی ہو کر عا م انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرچکے ہوتے ۔
ان کیلئے اقتدار ہی سب کچھ ہے لوٹ مار کا بازار گرم کرکے قومی دولت اپنی تجوریوں میں بھرنے والے وفاق پر مسلط کرپٹ حکمران عوام کے عتاب سے بچ نہیں پائیں گے۔