• news

مفرور قرار دینے کے خلاف اپیل کی جلد سماعت، اسحاق ڈار کی سپریم کورٹ میں درخواست 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ خبر نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے احتساب عدالت کی جانب سے مفرور قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست اسحاق ڈار کے وکیل سلمان اسلم بٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔ مئوقف اختیار کیا گیا ہے کہ احتساب عدالت کے حکم کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں زیر التواء جس کی اب تک سماعت نہیں ہوئی ہے۔ متفرق درخواست کے ذریعے عدالت کے سامنے مزید حقائق اور دستاویزات بھی رکھنا چاہتا ہوں، بیرون ملک ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت میں پیش نہ ہو سکا۔ بیماری اور طویل علاج کے باعث بیرون ملک ہوں، جبکہ سابقہ حکومت کی جانب سے درخواست گزار کا پاسپورٹ بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔ مختلف بیماریوں کے باعث علاج جاری ہے، سابقہ حکومت نے پہلے بلیک لسٹ کیا اور پھر پاسپورٹ منسوخ کر دیا جس کی وجہ سے درخواست گزار بیرون ملک پھنسا رہا۔ درخواست میں اسحاق ڈار کی بیماریوں کی تفصیلات بھی لکھی گئیں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن