• news

سیلاب متا ثرہ علاقے آفت زدہ ، پرویز الہی : ایمر جنسی  نا فذ، آبیا نہ ، ما لیہ معاف 


لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے راجن پور، تونسہ، ڈیرہ غازی خان اور عیٰسی خیل کے سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کے لئے بڑا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے سیلاب متاثرہ علاقوںکیلئے آبیانہ اور مالیہ معاف کرنے اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے کہا ہے کہ تمام سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ  نے مالی امداد جلد از جلد سیلاب متاثرین تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھروں، فصلوں اور لائیوسٹاک کو پہنچنے والے نقصان کا پورا ازالہ کیا جائے گا۔ نقصانات کے ازالے کیلئے جتنی جلدی ممکن ہوسکے سروے شروع کیا جائے۔ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اضافی فنڈز فراہم کیے جائیںگے۔ وزیراعلیٰ  نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ڈی جی پی ڈی ایم اے کو فوراً سیلاب متاثرہ علاقوں میں جانے  اور کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فی الفور تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ ضروری سازو سامان اور فوڈ ہیمپرز متاثرہ علاقوں میں وافر تعداد میں پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ  نے بھارت کی جانب سے چھوڑے جانے والے پانی کی تسلسل سے مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی پانی تباہی مچاتا ہوا ضائع ہوتا ہے، اس پانی کو محفوظ بنانے کی جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری آبپاشی کو واٹر سٹوریج کے حوالے سے پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج کے دستوں نے لوگوں کی بروقت مدد کی اور محفوظ انخلاء کو یقینی بنایا جس پر کورکمانڈر ملتان کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ میں پاک فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے تعاون سے کئی لوگوں کی قیمتی جانوں کو پچانا ممکن ہوا۔ پنجاب حکومت مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد پر پاک فوج کے کردارکو سراہتی ہے۔ پرویز الٰہی کی زیر صدارت راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کے علاقوں میں سیلاب کی صورتحال اور ریسکیو آپریشن اینڈ ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے  بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال اور پنجاب میں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان میں سیلاب متاثرین کے لئے جاری ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن پر بھی بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے کراچی کے ضمنی الیکشن میں شاندار کامیابی پر عمران خان کو مبارکباد دی۔ پرویز الٰہی نے سندھ کے علاقے خیر پور میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع  پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن