بلاول کا بارش سے متا ثرہ علاقوں کا دورہ ، مظا ہرین کے شکوے
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ لاڑکانہ میں متاثرین نے ان سے راشن اور سہولیات نہ ملنے پر شکوے شکایت بھی کی۔ لاڑکانہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گاڑی سے اتر کر متاثرین کی شکایات سنیں۔ متاثرین نے شکوہ کیا کہ ٹینٹ دیئے جا رہے ہیں نہ کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہم کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں۔ ڈی سی اور ضلعی انتظامیہ ملنے کو تیار نہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرین کو تمام سہولیات فوری فراہم کی جائیں گی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ میں بارشوں کے متاثرین سے ملاقات کی۔ بلاول نے کہا ہم آپ کا ہر طرح سے خیال رکھیں گے، ہم آپ کو ریسکیو کرکے کیمپ میں لائے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت سیلاب متاثرین پر اہم اجلاس ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ میں حالیہ بارشوں سے 26 افراد جاں بحق اور 367 زخمی ہوئے، دو سو 90 ریلیف کیمپوں میں 28 ہزار 500 افراد کو منتقل کیا گیا۔ چاول کی تقریباً 90 فیصد تیار فصل تباہ ہو گئی۔ شہری اور دیہی علاقوں میں ہزاروں مکانات کو نقصان پہنچا۔ بلاول بھٹو 3 دن تک نوڈیرو میں قیام کریں گے۔ وہ قمبر شہداد کوٹ بھی گئے۔