• news

امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑی فوجی مشقیں شروع


واشنگٹن(این این آئی)امریکہ اور جنوبی کوریا نے مشترکہ فوجی مشقیں شروع کردی ہیں، جس میں، جنگی طیارے، بحری جہاز، ٹینک اور دسیوں ہزار فوجی شامل ہیں۔ یہ مشقیں ایسے وقت ہو رہی ہیں جب خطے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ اور جنوبی کوریا نے اپنی سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز کیا۔ موسم گرما میں ہونے والی ان مشقوں کو 'الچی فریڈم شیلڈ' کہا جاتا ہے۔ اس بڑی فوجی تربیت اور مشقوں کا آغاز ایک ایسے وقت ہوا ہے، جب جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی میں پھر سے اضافہ دیکھا گیا ۔ان فوجی مشقوں میں ہزاروں فوجی شامل ہوں گے اور بری، بحری اور فضائی افواج کو یکجا کیا جائے گا۔ الچی فریڈم شیلڈ آئندہ یکم ستمبر تک جاری رہیں گی۔جنوبی کوریا کے نئے صدر یون سک یول نے اسی برس مئی میں اقتدار سنبھالا تھا اور انہوں نے ان مشترکہ مشقوں کو ''معمول'' پر لانے اور شمالی کوریا کی جانب سے ممکنہ خطرات کے خلاف دفاعی قوت کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔حالیہ برسوں میں کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے یہ مشقیں نہیں ہو پائیں، جبکہ اس سے پہلے شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے پر راضی کرنے کے لیے جو سفارتی کوششوں ہو رہی تھیں اس کی وجہ سے، امریکہ-جنوبی کوریا کے مشترکہ مشقیں روک دی گئی تھیں۔اس کے لیے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جنوبی کوریا کے سابق صدر مون جے اِن نے شمالی کوریا کے آمر کم جونگ ان کے ساتھ بات چیت کی تھی اور شمالی کوریا کے ساتھ گفت و شنید کا سلسلہ جاری رکھنے کے مقصد سے ہی امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان عسکری تعاون کو روک دیا گیا تھا۔
امریکہ مشقیں شروع

ای پیپر-دی نیشن