• news

(ر) رحیم الدین فوجی اعزاز کے ساتھ لاہور میں سپرد خاک  


لاہور (نامہ نگار؍ نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان اور سندھ کے سابق گورنر، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر) رحیم الدین سپرد خاک، نماز جنازہ گزشتہ روز لاہور کینٹ میں ایوب سٹیڈیم میں ادا کی گئی۔ نماز ِجنازہ میں چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز سمیت فوجی افسروں، جوانوں  اور سول سوسائٹی  نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جنرل (ر) رحیم الدین خان کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کیولری قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضاکی جانب سے ان کی قبر پر پھولوں کی چادرچڑھائی  اور سلامی پیش کی گئی۔ جنرل رحیم الدین 21جولائی 1924ء کو انڈیا کی ریاست یو پی کے شہر قائم گنج میں پیدا ہوئے۔ انہیں پی ایم اے کے پہلے کیڈٹ کے طور پر انرول ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ وہ  1978ء سے 1984ء تک بلوچستان کے 7ویں گورنر تعینات رہے جبکہ 1988ء میں سندھ کے 16ویں گورنر کے فرائض سرانجام دیئے۔ بطور گورنر بلوچستان انہوں نے عام معافی دے کر ملٹری آپریشنز ختم کیا۔ وہ مسلم لیگ ض کے سربراہ اعجاز الحق کے سسر جبکہ سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے سمدھی تھے۔ جبکہ آئی ایس پی آر کے مطابق جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے جنرل (ر) رحیم الدین خان کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ سروسز چیفس کے مطابق اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر دے۔

ای پیپر-دی نیشن