• news

سندھ میں سیلاب سے تباہی ، وفاق ، اقوام متحدہ مدد کرین : بلاول 


کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کئے۔ بلاول بھٹو نے شہداد کوٹ، سجاول جونیجو میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے بارش سے متاثر افراد کے مسائل سنے بلاول بھٹو کو بارشوں سے ہونے والے نقصانات پر بریفنگ دی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انفراسٹرکچر  کی از سر نو بحالی کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔ سندھ میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد بلاول بھٹو   نے وفاق سمیت اقوام متحدہ سے مدد کی اپیل کر دی۔ شہداد کوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ٹینٹ کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ ہم سب نے ملکر مشکلات کا مقابلہ کرنا ہے، بہت زیادہ گھر فصلوں کو نقصان ہوا ہے۔ متاثرین کو بینظیر انکم سپورٹس پروگرام کے ذریعے ریلیف پہنچائیں گے۔ پی پی چیئرمین کا کہنا ہے کہ مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں مشکل وقت میں مدد کریں، مخیر حضرات راشن ٹینٹ کے حوالے سے مدد کریں، سیاسی تماشے چلتے رہتے ہیں نمبر ون ترجیح ہماری سیلاب متاثرین ہونی چاہئے۔ بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں ہم نے فوج نیوی سے بھی مدد کی درخواست کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بارش کے متاثرین کو 25 ہزار روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جہاں دیکھیں تباہی ہی تباہی ہے۔ مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کرنی ہے، بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے 25 ہزار روپے فی کس متاثرین کو دئیے جائیں گے۔ اگلے مرحلے میں بحالی کا کام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چند دنوں میں ہونے والی بارش کا پریشر دنیا بھر کا کوئی ڈرین کا نظام اٹھا نہیں سکتا تھا، وفاقی حکومت سے پہلے بھی درخواست کی اب مزید اضافے کی ڈیمانڈ ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن