• news

ہیلی کا پٹر حادثہ پر منفی مہم ، تحقیقا ت مکمل ، ملوث افراد کیخلاف کا رروائی کی سفارش ، 19گرفتار 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+اپنے سٹاف رپورٹر سے) لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثہ پر منفی پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کرنے والی چھ رکنی کمیٹی نے انکوائری مکمل کرلی۔ رپورٹ تیار کر کے وزارت داخلہ کو جمع کروا دی گئی۔ پراپیگنڈے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثہ کی تحقیقات کرنے والی انکوائری کمیٹی نے پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے میں ملوث افراد کے خلاف انکوائری مکمل کر کے رپورٹ وزارت داخلہ کے حکام کو پیش کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملوث افراد کے خلاف سائبر کرائمز پی پی سی  کے تحت مقدمات درج کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی میں شامل ایف آئی اے کے 4  اور دو حساس ادروں پر مشتمل افسران نے انکوائری رپورٹ مکمل کی۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے حکام وزیر داخلہ کو رپورٹ کے مندرجات پر بریفنگ بھی دیں گے۔ ذرائع کے مطابق لسبیلہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ میں اہم انکشافات ہوئے ہیں جن کے مطابق پاک فوج کے خلاف ٹرینڈ چلانے کے لیے 580 سوشل میڈیا اکائونٹس کے ذریعے2 ہزار350 پوسٹیں کی گئیں جن میں سے متعدد اکائونٹس پر مختلف سیاسی جماعتوں کے جھنڈوں یا رہنمائوں کے ساتھ تصاویر بھی موجود ہیں۔ ذرائع کے مطابق اب تک19 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے تاہم گرفتار افراد میں سے کسی کا تعلق بھی کسی سیاسی جماعت سے ثابت نہیں ہو سکا۔ رپورٹ کے مطابق فوج مخالف مہم چلانے میں ملوث اکائونٹس بھارت، ملائشیا، سنگاپور اور امریکہ سمیت مختلف ممالک  سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کی تحقیقاتی ٹیم نے سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے والے مزید دو ملزموں کا سراغ لگا لیا، حتمی رپورٹ وزارت داخلہ بھجوائی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن