• news

بجلی بلز ٹیکسز کیخلاف مظاہرے ، دھرنے جاری : تا جروں نے 7روز کا الٹی میٹم دیدیا 


 لاہور؍ ساہیوال (نامہ نگار+ کامرس رپورٹر) بجلی بلز میں بھاری ٹیکسز کیخلاف لاہور،  ساہیوال، لالہ موسیٰ، گوجرہ، ٹوبہ، بھیرہ، ماموں کانجن، ملکوال، پتوکی، جمبر، مظفر گڑھ و دیگر شہروں میں مظاہرے جاری ہیں۔ بعض مقامات پر دھرنے بھی دیئے گئے۔ ریلیاں نکالی گئیں۔ جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں کی کال پر ساہیوال کے کسانوں، تاجروں اور دیگر طبقہ ہائے فکر کے لوگوں نے بجلی کے غیر معمولی بلوں پر  شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے لاہور ملتان روڈ ویو ہوٹل کے پاس سے بلا ک کیا اور مین واپڈا گرڈ سٹیشن جی ٹی روڈ کا بھی محاسبہ کیا۔ مظاہرین نے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین مسئلہ کا نوٹس لیں اور غریب عوام پر بلوں کی مد میں جو ظلم کیا گیا ہے اس کو فوری طور پر واپس لیں اور دوبارہ صحیح بل بنا کر عوام کو بھیجے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔  حکومت ٹیکس واپس نہیںلے سکتی تو مستعفی ہو۔ مطالبات پورے نہ کئے تو پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے۔ لالہ موسیٰ میں شہریوں نے گیپکو آفس کا گھیراؤ کر لیا۔ شہریوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں شدید احتجاج کیا اور مظاہرے کرتے ہوئے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کر دیں۔ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور بجلی کے بل نذر آتش کئے جس سے وہاں ٹریفک کا بدترین جام ہو گیا۔ لاہور میںکھاڑک نالہ، سٹی اڈا، غوثیہ چوک کینٹ، رام گڑھ، گرین ٹاؤن باگڑیاں، باٹا پور میں بسم اللہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سامنے جی ٹی روڈ پر شہریوں نے بجلی کے بلوں میں لگائے گئے بیجا ٹیکسز کے خلاف گزشتہ روز احتجاجی مظاہرے کئے۔ مظاہرین نے ٹائر جلا کر اہم سڑکیں بلاک کر دیں اور دھرنے دئیے۔ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے بل پھاڑ کر اور نذر آتش کر دیئے،  گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ جس سے لوگ گھنٹوں جام ٹریفک میں پھنسے رہے اور مسافروں کو شدید پریشانی ومشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاجروں نے  نیو پاکستان کلاتھ مارکیٹ کے صدر عظیم سیٹھی کی سرکردگی میں  شیرانوالہ گیٹ کے علاقے میں بجلی کے بلوں میں عائد کئے جانے والے ٹیکسز کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تاجروں نے بجلی کے بلوں میں عائد کئے جانے والے ٹیکسز کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت کو الٹی میٹم دیا کہ ایک ہفتے میں بجلی کے بلوں میں ٹیکسز ختم کئے جائیں، اگر ایسا نہیں ہوا تو تاجر لاہور سمیت ملک بھر میں شٹر ڈائون ہڑتال کریں گے۔ مظاہرے میں تحریک انصاف تاجر ونگ کے فوکل پرسن ناصر سلمان، مرکزی کوآرڈینیٹر میاں محمد ادریس، ہال روڈ کے تاجر راہنما ملک امانت اور مال روڈ کے صدر ناصر انصاری سمیت تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن