• news

سفیر امارات کی ملاقات ، تعلقات کو سٹر ٹیجک  پارٹیز میں بدلنے کا وقت آگیا : پرویز الہی 


 لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی  نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مونس الٰہی بھی موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور امارات کے تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امارات کے سفیر نے وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے پر چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔ پرویز الٰہی کو امارات کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اور متحدہ عرب امارات کے سفیر نے فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں قریبی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔ پرویز الٰہی نے  کہا کہ دبئی گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا، جس پر امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ مبارک سینٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگی۔ یہ منصوبہ بننے سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قذافی سٹیڈیم آنے جانے میں بے پناہ سہولت ہوگی اور ٹورنامنٹس کے انعقاد کے دوران لاہور کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی بندش کے عذاب سے نجات ملے گی۔ یہ منصوبہ میرے سابقہ دور میں شروع ہوا، بدقسمتی سے (ن) لیگ کی حکومت نے اسے بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا تاہم اب ہم اس منصوبے پر تیزی سے کام آگے بڑھائیںگے۔ مبارک سینٹر بننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پاکستان اور امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں بدلا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے اورتعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی بہتری کیلئے  امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بزنس ٹو بزنس وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پہلی فرصت میں امارات کا دورہ کروں گا۔ سفیر امارات نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے وزیر اعلی کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے ۔ امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ پرویز الٰہی کی ہدایت پر 24 رکنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر راجہ بشارت اور وائس چیئرمین چیف سیکرٹری پنجاب ہوں گے۔ صوبائی وزیر خزانہ محسن خان لغاری، صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات علی افضل ساہی، صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی اور صوبائی وزیر مال نوابزادہ منصور احمد خان کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ پرویز الٰہی نے سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر) رحیم الدین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن