ڈالر مزید ڈیڑ روپیہ مہنگا ، سونا 150روپے تولہ سستا ، سٹاک مارکیٹ میں تیزی
لاہور،کراچی (کامرس رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) دوست ممالک کی مدد‘ ضرورت سے زائد زرمبادلہ کا بندوبست ہونے کے باوجود گزشتہ روز انٹربنک مارکیٹ میں ڈالر کی پرواز جاری رہی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 1روپے کا اضافہ ہوا،جس سے ڈالر کی قیمت خرید 216.66روپے سے بڑھ کر217.66روپے ہوگئی۔اسی طرح قیمت فروخت 1.50روپے اضافہ سے 217روپے سے بڑھ کر218.50روپے پر جا پہنچی۔دوسری جانب ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 150 روپے کی معمولی کمی ہوئی۔ سندھ صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونے کی فی تولہ قیمت 150 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 46 ہزار روپے ہو گئی ہے۔ جبکہ 10 گرام سونے کا بھاؤ 129 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 25 ہزار 171 روپے ہے۔ اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار مثبت رہا اور 100 انڈیکس 540 پوائنٹس بڑھ گیا۔ جس کے بعد کاروبار کا اختتام 43 ہزار 366 پوائنٹس پر ہوا۔ بازار میں آج 32 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے، شیئرز بازار کے کاروبار کی مالیت 9 ارب 65 کروڑ رپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 77 ارب روپے بڑھ کر 7211 ارب روپے ہے۔