• news

سیلاب : جاں بحق افراد کے لواحقین کی امداد میں اضافہ منظور ، فیف سیکرٹری نگرانی کریں : پرویز الہی 


لاہور (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں راجن پور، تونسہ، ڈیرہ غازی خان میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے چیف سیکرٹری کامران افضل کو فوراً سیلاب متاثرہ علاقوں  میں جانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ متاثرین کی بحالی کے کاموں کی خود نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں پنجاب حکومت اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ اجلاس میں سیلاب وبارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے مالی امدا د میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں، فصلوں اور مال مویشی کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ امدادی کیمپوں میں لوگوں کو بروقت کھانا پہنچایا جائے۔ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور محکمہ لائیوسٹاک جانوروں کے لئے چارے کا وافر انتظام کرے۔ دریں اثناء  تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر پرویزخٹک نے پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔ چودھری وجاہت حسین اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔  پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے تمام اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خصوصی امدادی پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر آبیانیہ اور مالیہ معاف کر دیا ہے۔ کور کمانڈر ملتان کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں اور پاک فوج کے تعاون کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پولیس، انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور 1122 کی خدمات بھی لائق تحسین ہیں۔  وزیراعلیٰ پنجاب آفس میں  گزشتہ روز  انسداد پولیو مہم کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر اختر ملک اور رکن پنجاب اسمبلی شہباز احمد نے بھی بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلائے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر  کہا ہے کہ پنجاب بھر میں قومی انسداد پولیو مہم 28 اگست تک جاری رہے گی۔ خصوصی مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے امدادی پیکیج میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی۔ کمیٹی کے چیئرمین اور صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے ریسکیو اور بحالی کے کام میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے ہر فرد کے ورثا کو 10 لاکھ روپے دئیے جائیں گے۔ پہلے یہ رقم 8 لاکھ روپے تھی۔ وزارتی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی نے انتہائی زخمی شہری کو 3 لاکھ، شدید زخمی کو ایک لاکھ روپے دینے کی منظوری بھی دی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ زخمی اور معمولی زخمی افراد کو بالترتیب ایک لاکھ اور 50 ہزار ملیں گے۔ وزارتی کمیٹی نے مکانات کو نقصان کے امدادی پیکیج پر بھی نظرثانی کی۔ مکمل پکا مکان تباہ ہونے پرحکومت 4 لاکھ روپے دے گی۔ جزوی پکے مکان کے نقصان پر امدادی رقم 40 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ مکمل کچے اور جزوی کچے مکان کو نقصان پر بالترتیب 2 لاکھ روپے اور 50 ہزار روپے ملیں گے۔ امدادی پیکیج کے تحت متاثرین کو فوری ادائیگی کی جائے گی۔ اجلاس نے سیلاب سے مویشیوں کے نقصان کے ازالے کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن