قطر 3ارب ڈالر کی فوری سیرمایہ کاری پر آمادہ
اسلام آباد‘ دوحہ‘ لاہور (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی نے دنوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے دوحہ میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی سے ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقین نے ملاقات کے دوران دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف قطر کے امیر سے ملاقات کیلئے دیوان امیری پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ریڈ کارپٹ بچھایا گیا جہاں ان کے اعزاز میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے امیر قطر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ ال ثانی اور والدہ موزہ بنت نصر سے بھی بدھ کو ملاقات کی اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے ان کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے قطر اور پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے قطر میں مقیم 2 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کی مبزبانی پر بھی امیر قطر کے والد کا شکریہ ادا کیا اور قطر کے وژن 2030ء کے حوالے سے پاکستان کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے امیر قطر کے والد اور والدہ کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے رواں سال ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022ء کی میزبانی پر قطر کیلئے خیر سگالی کے جذبات اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے قطری تاجروں کو پاکستان کے توانائی‘ ہوا بازی‘ زراعت اور لائیو سٹاک، میری ٹائم‘ سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے موقع پر قطری حکام نے ایئرپورٹ اور ہوٹل کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کر دی۔ اس دورے کے موقع پر ہوا بازی کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قطری حکومت ایئرپورٹ اور ہوٹل کے شعبے میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔ امکان ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے انتظامی امور قطر کے حوالے کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ ٹرمینل اور کارگو خدمات قطر پولنگ کمپنی مہیا کرے گی جبکہ پی آئی اے کے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل میں بھی سرمایہ کاری کے عوض حصص قطر کو دیئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوی ایشن شعبوں میں سرمایہ کاری گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ سطح پر معاہدوں کے ذریعے کئے جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد ال ثانی نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے قطر سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کے اقدامات کی نگرانی کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو اشتراک عمل کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت کا شکار علاقوں میں بحالی بڑا کام ہے، یہ اجتماعی کوشش سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر اداروں اور تنظیموں سے متاثرین کی مدد کے کام میں ہاتھ بٹانے کی اپیل کی۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے شہر دوحہ میں فیفا ورلڈکپ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور فٹبال ورلڈکپ 2022ء کی میزبانی کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ حکام کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی کیلئے تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔ خیال رہے کہ قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں سکیورٹی خدمات انجام دینے کیلئے قطر نے پاکستان سے معاہدہ کیا ہے۔ معاہدے کے تحت فٹبال ورلڈکپ کی سکیورٹی کیلئے پاکستان اپنے فوجی اہلکار قطر بھیجے گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں فخر ہے کہ فیفا ورلڈکپ 2022ء کا آفیشل میچ بال الریحلہ پاکستان میں بنایا گیا ہے۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی (QIA) کی پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر آمادگی پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز دیوان امیری میں امیر قطر سے ملاقات کی۔ وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے وزراء اور سینئر ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی تھا۔ دونوں رہنماؤں نے وفود کی سطح پر مشاورت کی، جس کے بعد امیر کی طرف سے وزیر اعظم اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کی ضیافت کی گئی۔ اپنی وسیع مشاورت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان قطر دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی تجارت کو بڑھانے کے لیے ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا. مزید برآں زراعت، خوراک، توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور پاکستان میں قابل تجدید توانائی، سیاحت اور hospitality کے شعبوں میں قطر کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر اتفاق کیا گیا۔ قطر میں کام کرنے میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانیوں کو مزید مواقع فراہم کرنے ۔اور دفاع، ایوی ایشن اور میری ٹائم ڈومینز میں تعاون کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔ فریقین نے توانائی کے شعبے میں باہمی فائدہ مند تعاون کے لیے نئی راہیں بھی تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم اور امیر نے خطے میں ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے افغانستان میں امن اور مفاہمت کے فروغ کے لیے قطر کی دیرینہ اور مسلسل کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے افغان عوام کو درپیش سنگین انسانی اور معاشی بحرانوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے جموں و کشمیر کے تنازع کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ امیر نے وزیر اعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی مکمل کامیابی کی خواہش کی۔ امیر نے قطر کے وزیراعظم کو پاکستان کے ساتھ مضبوط اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی (QIA) کی پاکستان میں مختلف تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں 3 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تیاری پر عزت مآب کا شکریہ ادا کیا۔ امیر نے قطر کی ترقی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کو سراہا اور قطر ویژن 2030 کے مطابق پاکستانیوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے قطر کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون میں موجودہ رفتار کو برقرار رکھنے کے لیے متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے عزت مآب امیر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ جبکہ ایک ٹوئٹ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ اپنی ملاقات کو انتہائی نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے بہترین دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک مصروفیات کی اگلی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری معیشت کے مختلف شعبوں میں قطر کی طرف سے 3 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری پر امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا شکر گزار ہوں۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہبازشریف سے قطر بزنس ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد نے گزشتہ روز دوحہ میں ملاقات کی جس کی قیادت کیو بی اے کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی کر رہے تھے۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق اس ملاقات میں کابینہ کے اہم ارکان اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے قطر کے نجی شعبے کو متحرک کرنے میں قطر بزنس ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہا۔ شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ وہ تعاون کی راہیں تلاش کرنے کے لیے جلد ہی QBA کا ایک نمائندہ تکنیکی سطح کا وفد پاکستان بھیجیں گے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کے سینئر ممبران کے ہمراہ وزیراعظم کی دورہ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔
اسلام آباد‘ دوحہ (نوائے وقت رپورٹ) قطر نے پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ قطری اخبار (The Peninsula) کے مطابق قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس کا پاکستانی معیشت کے اہم شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا منصوبہ ہے۔ اخبار کے مطابق اس بات کا اعلان وزیراعظم شہبازشریف اور امیر قطر کے درمیان آج ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق قطر پاکستان میں مختلف شعبوں میں 3 ارب ڈالر کی فوری سرمایہ کاری کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قطر نے کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ قطر کی سرمایہ کار اتھارٹی کم سے کم وقت میں سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گی۔مزید برآں امریکی میڈیا کے مطابق قطری حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی تصدیق کر دی ہے۔