• news

سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کا فقدان حکمرانوں کی نااہلی ہے: ذکراللہ مجاہد 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) صدر گورننگ باڈی ثریاعظیم ہسپتال و امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولیات کا فقدان حکمرانوں کی نااہلی ہے۔ ہسپتالوں میں غریب مریض علاج معالجہ کی بہتر سہولیات سے محروم ہیں۔ جنرل، سروس، میو، کارڈیالوجی سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی میں ایک بیڈ پرتین تین مریض علاج معالجہ کروانے پر مجبور ہیں، ہسپتالوں میں ادویات کے فقدان سے باہر سے ادویات منگوائی جاتی ہے جو غریب اور ناردار افراد کیلئے ممکن نہیں ہوتا۔ جو سرکاری ہسپتالوں میں مفت ٹیسٹ کیے جاتے تھے اب ان کی فیس میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا۔ اور جان بچانے والی مہنگی ادویات غریب کی پہنچ سے کوسوں دور ہوچکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ثریا عظیم ہسپتال کی مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری گورننگ باڈی افتخار احمد چوہدری،ایم ایس ڈاکٹر محمود اختر رانا، ممبران گوننگ باڈی ہسپتال عبدالعزیز عابد، محسن بشیر، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر فواد، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز فیاض احمد فیضی، فنانس آفیسر واجد عباسی، ڈپٹی منیجر مارکیٹنگ حسام سعید، ایڈمن آفیسر عثمان، منیجر لیب علی زاہد ودیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن