• news

ساف کپ‘ 23 کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان ویمن فٹبال ٹیم فائنل 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کے کوچنگ سٹاف نے آئندہ ماہ ہونے والے ساف کپ کیلئے 23 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کو فائنل کرلیا ہے۔2014 میں پاکستان کا آخری ایونٹ کھیلنے والی ٹیم کی 7 پلیئرز 2022 کے ٹورنامنٹ کیلئے سکواڈ میں شامل کی گئی ہیں۔ ٹیم کا باضابطہ اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 6 ستمبر سے ہونیوالے ساف ویمن کپ کیلئے 23 کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا ہے۔ان میں ہاجرہ خان، ملیکہ نور، نشا اشرف، روشنان علی، سحر زمان، ماہ پارا شاہد اور ذولفیا نذیر بھی شامل ہیں جو 2014 میں اسلام آباد میں ہونیوالی ساف چیمپئن شپ کی ٹیم میں شامل تھیں۔2014 کے اس ایونٹ کیلئے کیمپ میں شریک عاتکہ ناصر بھی منتخب پلیئرز میں شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دو اوور سیز پلیئرز نادیہ خان اور ماریہ خان بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گی جبکہ ماضی میں ایج گروپ کھیلنے والی پلیئرز رامن فرید، مشال اکرم اور ملیحہ ناصر بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ علینہ اصفہانی، انمول ہیرا، غزالہ امین، خدیجہ کاظمی ، ماروی بیگ ، سارہ خان، نزالیہ صدیقی، شاہدہ امین، شانزے نذیر اور سوہا ہیرانی بھی ساف کپ کیلئے منتخب ہوئی ہیں۔ ایونٹ کیلئے پاکستان ٹیم کا باضابطہ اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن