پاکستان سینئر فٹبال ٹیم کی تشکیل کیلئے سلیکشن کا عمل پرسوں سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سینئر فٹبال ٹیم کی تشکیل کیلئے سلیکشن کا عمل 27اگست سے شروع ہوگا۔پہلے مرحلے میں 90کھلاڑیوں کو طلب کرلیا گیا، اس فہرست میں کوالیفائیڈ کوچز کے نامزد کھلاڑی شامل ہیں،گزشتہ کارکردگی کو بھی پیش نظر رکھا گیا ہے۔ تربیتی کیمپ میں کارکردگی اور فٹنس کا جائزہ لینے کے بعد شارٹ لسٹ تیار کی جائے گی۔ پاکستان کی معطلی ختم ہونے کے بعد فیفا کی نامزد پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سرگرمیاں جلد بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ ساف ویمنز فٹبال چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے تربیتی کیمپ جاری ہے۔ طویل عرصہ بعد ملک میں انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کیلئے نارملائزیشن کمیٹی دوست ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔کوئی حتمی فیصلہ ہونے سے قبل قومی فٹبال ٹیم تشکیل دینے کیلئے سلیکشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔