نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں دسمبر تک نئی ٹرف بچھا دیں گے : ڈی جی سپورٹس
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی سے ملاقات کی جس کے دوران نو منتخب پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین کو ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی نے سیکرٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی،ملاقات کے دوران پنجاب بھر میں گراس روٹ سے قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے پنجاب بھر میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ،مستقبل میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ ملکر قومی کھیل کی ترقی و ترویج کیلئے بھرپور کو آرڈینیشن کےساتھ کام کریں گے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور سمیت دیگر ڈسٹرکٹس میں ہاکی ٹرف کی جلد تنصیب کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب محمد طارق قریشی نے پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کی آسٹروٹرف کی معیاد 2019 میں مکمل ہوچکی تھی،رواں سال دسمبر میں آسٹرو ٹرف کی تنصیب مکمل ہوجائے گی۔انشاءاللہ بہت جلد پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی ہاکی ٹرف کی تنصیب کا عمل مکمل کرلیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑی ہاکی ٹرف سے مستفید ہوں گے اور اپنا ٹیلنٹ پیش کرتے ہوئے ہاکی میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ہاکی لیگ و مختلف ٹیلنٹ ایونٹس کا انعقاد کریں گے تاکہ جونیئر ٹیلنٹ ہاکی کیلئے اپنا رول پلے کرے۔اس سے قبل پی ایچ ایف سیکرٹری جنرل حیدر حسین نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔