پائیدار اقتصادی ترقی ترجیح‘ اصلاحات پر توجہ دے رہے ہیں: وزیر خزانہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت پائیدار اقتصادی ترقی کے پروگراموں کو ترجیح دے رہی ہے، اس مقصد کیلئے ہماری ساری توجہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر ہے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ پاکستان کے مؤثر اقتصادی شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد اور پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ یی کر رہے تھے۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ہمیشہ پاکستان کے مؤثر اقتصادی شراکت دار کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وفد کو پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ ایشائی ترقیاتی بینک کے وفد نے وزیر خزانہ کو بریس پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفد نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امداد کے حوالہ سے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ نے اس حوالہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ بینک کی معاونت سے جاری پروگرامز اور منصوبوں کی بروقت تکمیل میں مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ دریں اثناء وزیر خزانہ سے پاکستان میں جنوبی کوریا کی سفیر سو سنگ پایو نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت مختلف شعبوں میں جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے جنوبی کوریا کے سفیر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں جنوبی کوریا کے سرمایہ کاروں کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔