سی پیک کی 9 ویں سالگرہ: چینی سفیر، احسن اقبال نے کیک کاٹا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ یہ کہنا درست نہیں کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان ترقی نہیں کر سکا۔’’نجی سرمایہ کاری اور سی پیک سے فوائد اٹھانا‘‘ کے موضوع پر رپورٹ لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کہتا ہے کہ پاکستانی قوم کرپشن کی وجہ سے ترقی نہیں کر سکی، غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اتنی ہی کرپٹ ہے جتنی کہ دوسری اقوام۔ پاکستان چین میں سالانہ 2 ارب ڈالر کی برآمدات کرتے ہیں۔ چینی حکومت پاکستانی برآمد کنندگان کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ گزشتہ 4 سال ضائع کر دیئے۔ ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہوگا تاکہ مزید غلطیاں نہ کریں۔ چینی کمپینوں اور سرمایہ کاروں کے ویزا مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مل کر کام کریں گے تو یقیناً سی پیک گیم چینجر ثابت ہو گا۔ چین کے سفیر نونگ رونگ کی طرف سے عشائیہ دیا گیا، اس موقع پر احسن اقبال، نونگ رونگ کی نویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ اور سی پی کے منصوبوں کو دوبارہ فعال کرنے پر اتفاق ہوا۔ چینی سفیر نے پاکستان کی چین کو برآمدات کے فروغ دینے کیلئے تعاون کا یقین دلایا۔ ادھر اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر، اردن کی شہزادی سارا زید نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ وزیر خزانہ نے شہزادی سارہ زید رعد کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر عالمی ادارہ خوراک کی مسلسل معاونت پر ڈبلیو ایف پی کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں خواتین کی ترقی، زچہ و بچہ کی صحت، غذائی سہولیات اور بچوں کی تعلیم سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہزادی سارا زید رعد نے کہا کہ ڈبلیو ایف پی کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں وفاقی اور صوبوں کی سطح پر ڈبلیو ایف پی کے ساتھ تعاون کی تعریف کی۔ پروفیسر احسن اقبال سے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر اردن کی شہزادی سارہ زید نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے صحت کے شعبہ میں بالخصوص بچوں میں غذائیت کی کمی، زچہ وبچہ کہ دیکھ بھال جیسے مسائل کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔