• news

 ڈالر ایک روپیہ تین پیسے ، سونا 1200روپے تولہ مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں مندا 


کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور آج بھی انٹر بنک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔ انٹر بنک تبادلہ مارکیٹ میں امریکی ڈالر کا ریٹ ایک روپیہ 3 پیسے بڑھا  اور کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 219.41 روپے کا رہا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگا ہو کر 229 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 18 ڈالر فی اونس بڑھی اور سونا 1764 ڈالر فی اونس ہو گیا۔ جبکہ ملک میں آج سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 1200 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 47 ہزار 100 روپے ہو گئی۔ جبکہ 10 گرام سونے کا ریٹ 1029 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 26 ہزار 115 روپے ہو گیا ہے۔ اسی طرح پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا رجحان منفی رہا اور 100 انڈیکس 305 پوائنٹس کم ہو گیا۔ جس کے بعد 100 انڈیکس 305 پوائنٹس کمی کے ساتھ 43032 پر بند ہوا۔ بازار میں 20 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7.78 ارب روپے رہی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 46 ارب روپے کم ہو کر 7151 ارب روپے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن