این اے 22 مردان کیلئے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور، ‘اپیل خارج
پشاور(بیورورپورٹ)الیکشن ٹربیونل نے این اے 22 مردان کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیتے ہوئے درخواست گزار کی اپیل خارج کردی۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-22 مردان کے ضمنی انتخابات کیلئے جمع کرائے گئے سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، اپیل پر سماعت الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس اعجاز انور نے کی۔دوران سماعت درخواست گزار نوید اختر کے وکیل نے کہا کہ عمران خان پہلے سے ہی قومی اسمبلی کا ممبر ہے، عمران خان نے دوسرے حلقے سے الیکشن لڑنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اپنایا عمران خان کے اثاثے 3 کروڑ سے 30 کروڑ تک کیسے پہنچے، عمران خان نے اضافی اثاثوں کو ظاہر نہیں کیا۔الیکشن کمیشن کے وکیل محسن کامران نے کہا الیکشن قانون میں ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن لڑنے پر کوئی پابندی نہیں۔عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ عمران خان استعفی دے چکے ہیں، اب اسمبلی کے ممبر نہیں رہے، کوئی اسمبلی کا ممبر بھی ہے تو بھی قانون میں کوئی پابندی نہیں۔جسٹس اعجاز انور نے استفسار کیا توشہ خانہ اشیا2018 میں ملیں تو کیوں ابھی تک ظاہر نہیں کیں جس پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا ذاتی استعمال کی اشیا الیکشن کمیشن کے سامنے ظاہر نہیں کی جاتیں۔تمام فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد اپلیٹ ٹریبونل نے فیصلہ محفوظ کیاتھا جسے بعد میں سنایا گیا جس کے مطابق عمران خان کے کاغذات نامزدگی کے خلاف درخواست کو خارج کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 22 مردان کے ضمنی انتخابات کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات درست قرار دے دیے ۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں این اے 108 فیصل آباد سے الیکشن لڑنے کی اجازت دینے اور ریٹر ننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے دو صفحات پر مشتمل مختصر فیصلہ جاری کیا۔ جن میں کہا گیا ہے کہ این اے 108سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کیے جاتے ہیں۔ ریٹرنگ افسر کو عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا قانونی اختیار نہیں تھا۔ اگر کوئی امیدوار آر او کے سامنے غلط ڈیکلریشن دیتا ہے تو محض اس بنیاد پر اسے الیکشن لڑنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں ہدایت کی کہ الیکشن کمشن عمران خان کا نام فوری الیکشن لڑنے والے امیدواروں کی فہرست میں شامل کرے۔