پارلیمنٹیرینز‘ وزارت اطلاعات کے ملازمین کا تنخواہیں سیلاب متاثرین کیلئے عطیہ کرنے کا اعلان
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نامہ نگار) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے سیلاب زدگان کے لئے امداد کے طور پر دو ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ صادق سنجرانی اور سینٹ کی قیادت نے سیلاب زدگان سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹرز ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی ریلیف اور بحالی کے لئے دیں گے، گریڈ 16 سے 22 تک کے ملازمین بھی 3 دن کی تنخواہ دیں گے۔ چیئرمین سینٹ نے اپیل کی ہے کہ قوم بالخصوص مخیر حضرات ریلیف اور بحالی کے لیے آگے بڑھیں۔ وزیراعظم کی اپیل پر حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کیلئے قائم فلڈ ریلیف فنڈ میں وزارت اطلاعات اور ذیلی اداروں کے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین اپنی ایک دن کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر جمع کروائیں گے۔ گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے تمام افسران اپنی 7 دن کی تنخواہ پرائم منسٹر فلڈ ریلیف فنڈ میں عطیہ کریں گے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے اپنی، ڈپٹی اور اراکین قومی اسمبلی کی 1 ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 1سے گریڈ 22تک کے عملے اور افسران کی 2 دن کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دی جائے گی۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اراکین قومی اسمبلی سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے مخیر حضرات اور عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کو اس وقت تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا ہے۔